ورکنگ باؤنڈری فائرنگ: پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ
راولپنڈی(ملت آن لائن) ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی اشتعال انگیزی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔
بھارتی فوج نے گزشتہ روز ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی شہری شہید جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیاہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاکستان نے ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی پر بھارت کی فائرنگ کامعاملہ اٹھایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ بھارتی فائرنگ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے، فائرنگ سے 6 پاکستانی شہری شہید ہوئے۔
ڈی جی ملٹری آپریشنز کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریوں کوکسی بھی جارحیت سے بچانے کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گے۔
واضح رہےکہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستان نے بھارتی سفیر کو بھی دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔
جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ اٹھایا ہے۔