اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف (آج) بدھ کو چشمہ کے مقام پر پاکستان کے تیسرے ایٹمی بجلی گھر چشنوپ تھری کا افتتاح کریں گے،وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف اور وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیر علی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ چین کے تعاون سے بنائے گئے اس بجلی گھر سے 340 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ واضح رہے کہ اسی مقام پر چشنوپ ون اور ٹو کی بجلی پہلے سے قومی گرڈ میں شامل ہے۔ چشمہ کے مقام پر اتنے ہی گنجائش کے چوتھے بجلی گھر کی تعمیر جاری ہے جس کی پروگرام کے مطابق تکمیل پر یہ بجلی گھر جون 2017 میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔ ان چاروں بجلی گھروں سے پہلے ستر کی دھائی میں کراچی میں کینوپ کے نام سے تعمیر کیا گیا پاکستان کا پہلا ایٹمی بجلی گھر 80میگا واٹ پیدا کررہا ہے۔ اگلے برس پاکستان میں ایٹمی بجلی گھروں کی کل تعداد پانچ ہوجائے گی۔ پاکستان اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جو ایٹمی بجلی پیدا کررہا ہے۔ جبکہ پانچ ایٹمی بجلی گھروں کے ساتھ پاکستان ایٹمی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے والے دنیا کے نمایاں ملکوں میں شامل ہوجائے گا۔ چشنوپ تھری سے بجلی کی پیداوار کے ساتھ ہی قومی گرڈ میں ایٹمی بجلی کی مقدار ایک ہزار میگا واٹ سے زائد ہوجائے گی۔ (ن غ)