وزیراعظم اور شاہ اردن کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں اور ان کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ دونوں ممالک نے سول پروٹیکشن و سول ڈیفنس اور ہاؤسنگ کے معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ قبل ازیں شاہ عبداللہ دو روزہ دورے پر نور خان ایئر بیس پہنچے جہاں صدر ممنون حسین نے ان کا استقبال کیا اور مہمان ملک کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس کے علاوہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے اردن کے شاہ عبداللہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شاہ عبداللہ کا شاندار استقبال کیا اور انہیں استقبالیہ بھی دیا۔