اسلام آباد: (ملت آن لائن) ڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ کا نیا نوٹیفکیشن کب جاری ہو گا؟ گتھی تاحال سلجھ نہیں سکی۔ وزیر داخلہ معاملے کے حل کے لئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے مسلسل پانچویں دن بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ تاہم ان کی میڈیا ٹاک پھر ملتوی ہو گئی۔ ڈان لیکس انکوائری سے متعلق ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ تاحال کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روز میں معاملہ حل یا طویل ڈیڈ لاک کا شکار ہو سکتا ہے۔ امکان تھا کہ چودھری نثار علی خان آج میڈیا ٹاک میں ڈان لیکس انکوائری رپورٹ منظر عام پر لائیں گے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں لاہور میگا سینٹر کا افتتاح بھی ملتوی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق، ڈان لیکس کا نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تاہم فوجی قیادت کے تحفظات مکمل طور پر دور کرنے کے لئے ابھی مشاورت جاری ہے۔ وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب و چین اور تحریک انصاف کے احتجاج پر بھی کابینہ ارکان سے مشاورت کی۔ اس سے پہلے وزیر اعظم سے سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و ثقافت نے ملاقات کر کے نواز شریف کو امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا کی دعوت قبول کر لی۔ وزیر اعظم دورہ چین کے بعد سعودی عرب جائیں گے۔
خبرنامہ
وزیراعظم سے چودھری نثار کی پھر ملاقات، وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس ملتوی
