اسلام آباد: ملت آن لائن…وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ امریکا عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والی امریکا عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں شرکا کو خطے میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں سے آگاہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسین نواز، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ، سیکرٹری فواد حسن فواد اور ایڈوکیٹ اکرم شیخ بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہونے والی تقریب اور اسٹیٹ بینکوئٹ میں بھی شریک ہوں گے جب کہ وزیراعظم 22 مئی کو مدینہ منورہ جائیں گے اور 23 مئی کی ان کی وطن واپسی ہو گی۔
واضح رہے ریاض میں ہونے والی کانفرنس میں 55 اسلامی ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے جب کہ امریکا کی نمائندگی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔ اجلاس میں دنیا سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
خبرنامہ
وزیراعظم نوازشریف تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ
