خبرنامہ

وزیراعظم نے پاک افغان سرحد فوری کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے پاک افغان سرحد کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کر دیے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ باوجود اس امر کے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغان سر زمین پر موجود پاکستان دشمن عناصر سے جا ملتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رابطے اور تعلق کے پیش نظر، سرحدوں کازیادہ دیر تک بند رہنا عوامی اور معاشی مفادات کے منافی ہے۔ چنانچہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت یہ سرحدیں فوری کھول دی جائیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ جن وجوہات کی بنا پر یہ قدم اٹھایا گیا تھا، اسکے تدارک کے لیے افغانستان حکومت تمام ضروری اقدامات کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ہم نے بارہااس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیرپا امن ناگزیر ہے اور ہم دونوں ممالک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے افغان حکومت سے تعاون کی پالیسیوں پر عملدرامد جاری رکھیں گے۔