وزیراعظم کی نیپالی ہم منصب سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تبادلہ خیال
اسلام آباد:(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیپالی ہم منصب سے کھد گا پرساد شرما سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کھٹمنڈو میں نیپالی ہم منصب کھدگا پرساد شرما سے ملاقات کی اور انہیں جمہوری عمل کی کامیابی سے تکمیل اور ملک کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیپالی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کھدگا پرساد شرما کو بتایا کہ قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو پیلٹ گنز سے نشانہ بنا رہی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انہوں نے نیپالی وزیراعظم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سارک کےسیکرٹری جنرل امجد حسین بی سیال نے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستانی وزیراعظم کو سارک کی سرگرمیوں سےآگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور سارک رکن ممالک کی خود مختاری پر یقین رکھتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطےمیں امن واستحکام اورخوشحالی کےلیےسارک اہم فورم ہے۔