خبرنامہ

وزیر اعظم سے چوہدری نثار کی ملاقات، مذہبی جماعتوں کے دھرنے پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم سے چوہدری نثار کی ملاقات، مذہبی جماعتوں کے دھرنے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے چوہدری نثار نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور فیض آباد انٹر چینج پر مذہبی جماعتوں کے دھرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا ۔

ملاقات کے دوران چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے سبب راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہری مشکلات کا شکار ہیں، اہم مقام پر لاقانونیت اور عوام الناس کو تکالیف سے دوچار کرنیکی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہیے ، حکومت اس مسئلے کے جلد از حل کے لئے فوری اقدامات کرے جب کہ موٹر وے پر میٹرو سٹیشن پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کو تیز ہونا چاہیئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر گذشتہ 8 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ختم نبوت کی شقوں میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی درخواست کی سماعت کی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ معاملہ جب عدالت میں آگیا تو خدا کا خوف کریں، چیف جسٹس کے بارے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے ان پر معافی مانگیں، نیکی کا کام غلط طریقے سے کیا جائے تو بھی وہ غلط ہوتا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس شوکت صدیقی نے مذہبی جماعت کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ لوگ قانون کی پابندی کریں، آپ کی پٹیشن دھرنا ختم کرنے سے مشروط ہوگی۔ عدالت نے مذہبی جماعتوں کو فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دھرنا ختم کریں تاکہ عوام کی مشکلات ختم ہوں، دھرنے سے بچے، بوڑھے، ملازمین اور طالب علم سب متاثرہو رہے ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔