وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
لاہور:(ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر دفاع خرم دستگیر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں گورنر دمام شہزادہ سعود بن نائف السعود نے ان کا استقبال کیا۔ اعلامیے میں کہا گہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر دفاع خرم دستگیر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ اعلامیے میں بتاتا گیا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی فوجی مشق ’گلف شیلڈ 1‘ کی تقریب میں شریک ہوں گے جس میں 24 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم اور آرمی چیف سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب میں دیگر عالمی رہنماوں سے بھی ملیں گے۔
…………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…فاٹا کو انتخابات سے قبل خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، اسفند یار ولی
بونیر:(ملت آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا ہے کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ سیاسی مسئلے پارلیمنٹ میں حل کریں لیکن عمران خان سیاسی مسائل کو عدالت لے گئے۔ بونیر میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ حکومت وقت سے درخواست کرتا ہوں کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں اور یہ انضمام آئندہ الیکشن سے قبل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ موجود ہے اور پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ سیاسی مسئلے پارلیمنٹ میں حل کریں لیکن عمران خان سیاسی مسائل کو عدالت لے گئے جس سے سپریم کورٹ کی حیثیت متنازع ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ سیاسی معاملات میں الجھنے سے گریز کرے، اس سے لوگ مایوس ہوتے ہیں۔