خبرنامہ

وزیر اعظم نے پنجاب پولیس میں ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کر دیا

لاہور (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پنجاب پولیس میں ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کر دیا۔ پنجاب پولیس ڈیجیٹل سسٹم کے تحت اہم ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پنجاب پولیس میں ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ‘ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم کی آمد پر پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پنجاب پولیس ڈیجیٹل سسٹم کے تحت اہم ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔ پولیس ڈیجیٹل سسٹم پنجاب حکومت کا عوامی خدمت اور جدت کی جانب اہم قدم ہے۔ پنجاب بھر میں تمام تھانوں میں تعلیم یافتہ سویلین عملے پر مشتمل استقبالیہ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ شکایات کی کمپیوٹرائزیشن کے لئے تھانوں میں کمپلینٹ سسٹم اور تھانوں کی ڈیٹا کمپیوٹرائزیشن کیلئے پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کا آغاز بھی کر دیا گیا۔ جرائم اور مجرموں سے متعلقہ تمام ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے کریمنل ریکارڈ آفس اور پنجاب میں آپریشنل میڈیا سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ میڈیا سنٹر امن و امان کی مانیٹرنگ کا اور متعلقہ تھانے کو ہدایات جاری کرے گا۔ پنجاب کے 5 اہم شہروں میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ ۔۔۔(رانا)