وزیر خارجہ خواجہ آصف 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر خارجہ خواجہ آصف تین روزہ دورے پر امریکا روانہ ہوگئے جہاں وہ امریکی ذمہ داران سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاک امریکا سفارتی دوروں کا شیڈول وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکی نائب صدر مائیک پینس کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا تھا۔
اسی سلسلے میں وزیرخارجہ خواجہ آصف دورہ امریکا کے لئے روانہ ہوگئے جب کہ رواں ماہ امریکی وفد بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف تین روزہ دورے کے دوران اپنے ہم منصب ریکس ٹلرسن اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر مک ماسٹر سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کے دوران کشمیر، افغانستان میں قیام امن اور باہمی تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔
دونوں ممالک کے ذمہ داران کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں جنوبی ایشیا سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دہشت گرد ہے جس کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کی حکومت ہے اور بی جے پی اس کی ذیلی جماعت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہمارے معاملات الجھے ہوئے ہیں لیکن امریکا کے ساتھ ہم اپنی پوزیشن واضح کرنا چاہتے ہیں، میرے دورے پر سول اور ملٹری قیادت ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دو لاکھ فوج دہشت گردی کے خلاف نہیں لڑ رہی اور دہشت گردی کے خلاف جتنی کامیابی ہم نے حاصل کی اتنی کسی اور نے نہیں کی کیوں کہ فوجی آپریشن پچھلے 4 سال میں مکمل کامیاب ہوئے ہیں۔