وزیر داخلہ بے خبر اور غیر ذمہ دار ہے، چوہدری نثار
اسلام آباد(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ بے خبر اور غیر ذمہ دار ہے و ہ احسن اقبال پر پھٹ پڑے اور کہا ہے کہ یہ وہی شخص ہے جس نے کہا تھا کہ تین گھنٹے میں دھرنا کلیئر کرادوں گا اور اب آپریشن کا بوجھ عدالت پرڈال رہا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ احسن اقبال کے عہدے کا تقاضا تھا کہ آپریشن پر بہانے بنانے کی بجائے اپنی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہوتے، یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ ملک کا وزیر داخلہ اتنا بے خبر اور غیر ذمہ دار ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا یہ وہی شخص نہیں جس نے کہا تھا کہ میں تین گھنٹوں میں دھرنا کلیئر کرا دوں گا؟ اور اب آپریشن کا سارا بوجھ عدالت پر ڈال رہا ہے، احسن اقبال اپنی نااہلی چھپانے کے لیے بے سروپا بیانات سے گریز کریں۔
اپنے گھر پر حملے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر میں کوئی ہلاکت تو درکنار کوئی شخص زخمی تک نہیں ہوا۔
سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا کہ اگر ایک دو وزیروں کے استعفوں سے معاملات حل ہوتے ہیں تو ان میں کوئی حرج نہیں ہوگا۔
تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایک دو استعفوں کے بعد بات بڑھ جائے گی اور دھرنے والوں کے مطالبات بڑھ جائیں گے۔
راجا ظفر الحق نے کہا کہ مظاہرین سے مذاکرات کے کی کافی کوششیں کی گئیں اور انہوں نے معاملے کو حل کرنے کے لیے مظاہرین اور حکومتی وفد کو اپنے گھر بھی مدعو کیا تاہم کوئی حل نہ نکل سکا۔