خبرنامہ

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی کابینہ نیحج پالیسی 2017کی منظوری بھی دے دی،وزیراعظم نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہاکہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور حج اخراجات کا دوبارہ جائزہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے،وفاقی کابینہ نے گیس کنکشنز پر عائد پابندی اٹھاتے ہوئے حکومت کے گیس کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری دے دی، وزیرہاؤسنگ کی سربراہی میں ہاؤسنگ کے امور سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی بھی قائم کی ،منصوبہ بندی و ترقی،ریلوے اور سیفران کے وزراء کمیٹی کے رکن ہوں گے ۔بدھ کو وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو رہائشی سہولتیں فراہم کرنا چاہتی ہے،ترقیاتی سرگرمیوں کے باعث شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،ملک بھر میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ہاؤسنگ کے شعبے پر کابینہ کو بریفنگ دی،کابینہ کو کم اور متوسط آمدنی کے لوگوں کیلئے مختلف رہائشی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔احسن اقبال نے ہاؤسنگ کے شعبے سے متعلق مالیاتی امور،گورننس،ہاؤسنگ کیلئے مربوط منصوبہ بندی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی ۔وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرہاؤسنگ کی سربراہی میں ہاؤسنگ کے امور سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی،منصوبہ بندی وترقی،ریلوے اور سیفران کے وزراء کمیٹی کے رکن ہوں گے جبکہ وزیراعظم کے سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ،اسٹیٹ بنک اور نیشنل بینک کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہیں،کمیٹی دس روز میں اپنی رپورٹ تیار کرکے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔اجلاس میں گیسکنکشنز پر عائد پابندی اٹھاتے ہوئے حکومت کے گیس کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی منظوری دے دی گئی ہے۔گیس کنکشنز پر عائد پابندی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی تجویز پر ختم کی گئی،صنعتی،تجارتی اور گھریلو صارفین کیلئے نئے کنکشنز پر پابندی ختم کی گئی،نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کالونیوں کے گیس کنکشنز کیلئے بھی نرمی کی گئی ہے جبکہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کی ترقیاتی سکیموں پر پابندی ہٹالی گئی،گیس فراہمی کی ترقیاتی سکیموں پر پابندی 2009میں لگائی گئی تھی۔وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2017کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات میں اضافے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہاکہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں اور حج اخراجات کا دوبارہ جائزہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔وزیراعظم نے سرکاری حج و سکیم کے اخراجات پچھلے سال والے برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے گذشتہ سال بہترین حج انتظامات پر وزارت مذہبی امور کی کارکردگی کی تعریف کی ۔۔۔۔(خ م)