وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا
اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے جو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ کے اجلاس میں وزارت پارلیمانی اموراپنے فرائض پربریفنگ دے گی۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس جاری ہے۔
اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا جارہا ہے اور اس دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کورکمانڈرز کو اپنے دورہ افغانستان سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اہم ملکی معاملات سمیت ایل اوسی پر بھا ر ت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کابھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے پگواڑا اور نیزہ پبر سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں، شہید شہری کی شناخت محمد دین جب کہ زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ تسلیم، 22 سالہ جمیل، 12 سالہ عاقت اور جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھی ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی بھارتیوں چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے 2 چیک پوسٹس تباہ کردیں جب کہ بھارتی کی تباہ شدہ چوکیوں کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھارتی فوج کی فائرنگ کے بعد تمام اسکول بند کردیئے ہیں۔