خبرنامہ

وفاقی کابینہ کے انتخاب کے لئے نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس جاری

گورنر ہاؤس مری(ملت آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کے وزرا آج حلف اٹھائیں گے جب کہ کابینہ میں شامل وزرا کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے۔

ذرائگورنر ہاؤسع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا اجلاس گورنر ہاؤس مری میں جاری ہے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، چوہدری نثار، احسن اقبال، پرویز رشید، مہتاب عباسی، حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور وفاقی کابینہ میں شامل وزرا کے انتخاب کے لئے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی نئی کابینہ کے حوالے سے اپنے مشورے سے لیگی قیادت کو آگاہ کردیا ہے اور ان کی کابینہ میں زیادہ تر سابق وزرا کو ہی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے نئی کابینہ میں شامل ہونے کا امکان نہیں اور وزارت داخلہ کا قلمدان کسی دوسرے وزیر کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میاں نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں نوازشریف نے انہیں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وفاقی کابینہ آج شام ساڑھے 5 بجے ایوان صدر میں حلف اٹھائے گی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نئے وزرا سے حلف لیں گے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔