خبرنامہ

ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان: وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان: وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد:(ملت آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس طلب کرلیے ہیں۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل جبکہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب کیا گیا ہے۔ کابینہ کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوگا جس میں امریکی صدر کے نئے بیان سمیت جنوبی ایشیا پالیسی کے امور بھی زیرغور آئیں گے۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سلامتی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر غور ہوگا۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب دوسری جانب وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس بدھ کو طلب کرلیا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔ اجلاس میں کمیٹی کے رکن وفاقی وزراء بھی شرکت کریں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں امریکی صدر کے بیان اور ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور ہوگا۔اجلاس میں ملکی سفارتی و سیکیورٹی پالیسی پر تفصیلی غور کیا جائے گا جبکہ وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کی طرف سے بریفنگ دی جائے گی۔امریکا نے 15 برسوں میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد دی، ٹرمپڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران اسلام آباد کو 33 ارب ڈالر امداد دیکر بے وقوفی کی۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برس میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے اور انہوں نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان نے ہمارے حکمرانوں کو بے وقوف سمجھا، جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں ڈھونڈتے رہے پاکستان نے انہیں محفوظ پناہ گاہیں دیں اور ہماری بہت کم معاونت کی، لیکن اب مزید نہیں۔گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان پر متعدد بار دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا جا چکا ہے جس کے جواب میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح پیغام دیا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر گرانے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان کی امداد بند کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔گزشتہ برس دسمبر میں امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا تھا۔