پارلیمنٹ دھاندلی کے نتیجے میں وجود میں آئی، شہباز شریف
اسلام آباد: (ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے عام انتخابات 2018ء کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جماعت کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ سے اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018ء کے بعد جو گورنمنٹ معرض وجود میں آئی، یہ سب سے زیادہ دھاندلی کی صورت میں آئی ہے۔ یہ کیسا الیکشن تھا جس میں الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوا، یہ کیسا الیکشن تھا جس میں آر ٹی ایس مشینیں بند کر دیں گئی، یہ کیسا الیکشن تھا جہاں دیہاتوں کے رزلٹ پہلے آئے، یہ کیسا الیکشن تھا جہاں 3 دن رزلت نہیں آئے۔
شہباز شریف نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن 30 روز میں اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے اور اس میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم سڑکوں پر احتجاج کیلئے نکلیں گے اور آپ کا اس وقت تک پیچھا نہیں چھوڑیں گے جب تک ہمارے سوالات کے جوابات ہمیں نہیں مل جاتے۔
ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم 2018ء کے الیکشن کے تحفظ کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت کے لیے آئے ہیں، جب ہم اپنا حق مانگیں گے تو اس ایوان پر لعنت نہیں بھجیں گے، ایوان پر حملہ کریں گے اور نہ ہی سوئی گیس اور بجلی کے بلوں کو جلائیں گے۔