بہاولپور: (ملت+اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ سارا کیس یہ ہے کہ نواز شریف نے مریم نواز کے نام پر اپنی جائیداد بنائی۔ اگر اس کیس میں انصاف ملتا ہے تو پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی، پھر کسی طاقتور کی جرات نہیں ہوگی کہ وہ پیسہ چوری کرکے واپس لے جائے۔ عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 30 سال اتنی کرپشن کی کہ کرپشن میں ماہر ہو گئے۔ ہم لاکھ کوشش کرتے اور دو سو سال بھی محنت کرتے تو ان کی کرپشن کا پتہ نہیں چل سکتا تھا۔ بھلا ہو پاناما میں کام کرنے والے ایک ایماندار آدمی کا جس نے ای میلز چرا کر بھانڈا پھوڑ دیا۔ اس شخص نے موزیک فونیسکا کی ای میلز چرائیں اور صحافیوں کے حوالے کر دیں۔ عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد دھرنا جمہوریت کی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ تھا جس سے قوم میں شعور پیدا ہوا۔ اب کوئی طاقت پاکستان کو عظیم ملک بننے سے نہیں روک سکتی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوگوں میں شعور آ چکا ہے کہ پاناما میں ٹیکس کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جایا گیا۔ نواز شریف پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے اور بچوں کے نام پر رکھا۔ جس پیسے سے نواز شریف نے جائیداد بنائی وہ چوری کا پیسہ تھا۔ 2006ءمیں لندن کے 4 فیلٹس کی قیمت 400 کروڑ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کرپشن ہوتی ہے تو قوم غریب ہو جاتی ہے۔ جب قوم کا پیسہ چوری کرے باہر لے جاتا ہے تو ملک چلانے کیلئے قرض کی ضرورت پڑتی ہے۔ آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ چھوٹا سا ٹولہ پاکستان کو لوٹتا رہے گا اور پیسہ چوری کرکے باہر لے جائے گا؟ کیا ہم بڑے بڑے لٹیروں کو جیلوں میں ڈالیں گے؟
خبرنامہ
پاناما؛ انصاف ملا تو پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی: عمران
