اسلام آباد: (ملت+آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہاکہ جھوٹے اور متضاد سیاسی بیانات پر کسی رکن اسمبلی کو نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا،پانامہ لیکس سے وزیراعظم نوازشریف کا کوئی تعلق نہیں ہے،عمران خان کو عدالت سے باہر مقدمے لڑنے کی عادت ہے،عمران خان احتساب کی الف ب سے بھی واقف نہیں، عدالت میں جتنے بھی ثبوت اور دستاویزات پیش ہوئیں وہ ہم نے دیے،جب عمران عیش و عشرت کی زندگی گزاررہے تھے،نوازشریف جمہوری عمل کیلئے کوشاں تھے،مسلم لیگ ن کے کسی عہدیدار نے این آر او سے فائدہ نہیں اٹھایا،این آر او سے 90فیصدفائدہ سندھ کے کیسز میں ہوا۔جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران جھوٹ اور احتجاجی سیاست سے عدالت میں کیس نہیں جیت سکتے،عمران خان کے وکلاء نے ہماری عدالت میں دی گئی دستاویزات پر اپنا کیس لڑا، جھوٹے اور متضاد سیاسی بیانات پر کسی رکن اسمبلی کو نااہل قرار نہیں دیا جاسکتا،پی ٹی آئی کاغذکا ایک ٹکڑا بھی بطور ثبوت تیسری بار منتخب وزیراعظم کے خلاف پیش نہیں کرسکی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو مبارک ہو،نارووال میں ہیلتھ کیئر کے ایک اور منصوبے کا فیتہ کٹ گیا ہے،پانامہ لیکس سے وزیراعظم نوازشریف کا کوئی تعلق نہیں ہے،عمران خان کو عدالت سے باہر مقدمے لڑنے کی عادت ہے،اس مقدمے کے بعد عمران خان کو سبق مل جائے گا کہ عدالت میں کیس کیسے لڑاجاتاہے،عدالت نے بھی اپنی آبزرویشن میں کہا کہ کوئی بھی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت میں جتنے بھی ثبوت اور دستاویزات پیش ہوئیں وہ ہم نے دیے احتساب کا نعرہ لگانے والے سے پوچھیں کہ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کا کیا ہوا؟،سڑکوں پر کھڑے ہوکر لوگوں کی ماؤں بہنوں پر الزامات لگائے جاتے ہیں،سپریم کورٹ میں ابھی ہمارے پہلے وکیل نے دلائل شروع کیے ہیں،ابھی مزید تین وکیل موجود ہیں،جو اپنے اپنے دلائل دیں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے نیب کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ مضحہ خیز،عمران خان احتساب کی الف ب سے بھی واقف نہیں،وفاقی اور صوبائی سطح پر احتساب کے متعدد ادارے موجود ہیں،کرپشن یا احتساب کا بہانہ بنا کر منتخب حکومتوں کے خاتمے کا وقت گزر گیا،ملک میں جمہوری عمل جاری رہے گا،جب عمران عیش و عشرت کی زندگی گزاررہے تھے،نوازشریف جمہوری عمل کیلئے کوشاں تھے۔انہوں نے کہاکہ این آر او میں تسلیم کیا گیا کہ سیاستدانوں کے خلاف غلط کیسز بنائے گئے۔مسلم لیگ ن کے کسی عہدیدار نے این آر او سے فائدہ نہیں اٹھایا،این آر او سے 90فیصدفائدہ سندھ کے کیسز میں ہوا،اگر عمران ملک میں بہتری چاہتے ہیں تو سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں آکر کرداراداکریں۔۔۔۔(خ م)