کراچی: (ملت آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شہر قائد میں “حقوق کراچی مارچ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب معاشرہ ظلم کے سامنے سر جھکا دیتا ہے تو وہ غلام بن جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی وہ شہر تھا کہ جہاں سے سیاسی تحریکیں شروع ہوتی تھیں، آج کراچی کے لوگوں کو پانی نہیں مل رہا، کراچی میں کبھی اتنی گندگی نہیں دیکھی تھی، گندگی کیوجہ سے سمندر تباہ ہو رہا ہے۔ عمران خان نے اہل کراچی سے استفسار کیا کہ کراچی کے شہریو! ظلم پر آپ لوگ سڑکوں پر کیوں نہیں نکلے؟ انہوں نے دیر سے کراچی آنے پر ریلی کے شرکاء کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مافیا گاڈ فارد کے مقابلے کیوجہ سے پہلے کراچی نہیں آ سکا، اس گاڈ فادر کا مقابلہ کر رہا ہوں جس کو سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ سب سے بڑا مافیا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جیسے ہی وقت ملا کراچی آیا ہوں، گاڈ فادر کو جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا ہے، وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی وقت ملا کراچی آؤں گا، اب کراچی کے حقوق کے لئے زورلگائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں ہر جگہ بھتہ مافیا ہے، کراچی کے لوگو آپ کو پانی نہیں مل رہا تھا تو کیوں سڑکوں پر نہیں نکلے؟ پاکستانیو! اللہ کے سامنے وعدہ کرو کہ کبھی ظلم اور ناانصافی کو قبول نہیں کرو گے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ کراچی کے شہریوں کو پانی نہ ملا، گندگی صاف نہ ہوئی اور پولیس نظام ٹھیک نہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہلی باری میں پولیس نظام بہتر کیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ پولیس نظام کو کیوں بہتر نہیں کر سکیں؟ جب حکمران مخالفین کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں کروائیں گے تو پولیس جان و مال کی حفاظت نہیں کر سکتی، اے ڈی خواجہ کہتا ہے کہ مجھے بھی خیبر پختونخوا پولیس کا ایکٹ سندھ میں چاہئے، سندھ کا میئر بھی کہتا ہے کہ مجھے خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام چاہئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک بااختیار بلدیاتی نظام نہیں ہو گا تب تک کچرا، پانی، ٹرانسپورٹ جیسے مسائل حل نہیں ہوں گے، خیبر پختونخوا میں صحیح معنوں میں اختیارات منتقل کئے گئے، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندے بااختیار ہیں، صوبہ سندھ کا پیسہ چوری ہو کر دبئی جا رہا ہے، جو پیسہ سندھ میں خرچ ہونا تھا اسے حکمران چوری کرکے لوگوں کی جیبیوں میں ڈال رہے ہیں۔ عمران خان نے ریلی کے شرکاء سے سوال کیا کہ کیا ہم عظیم ملک بنیں گے یا پھر یہ صرف زرداری اور نواز کا ملک رہ جائے گا؟ عمران خان نے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا پاکستانیو! نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرو، سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے بھی کہا ہے کہ نواز شریف جھوٹا ہے، جھوٹا وزیر اعظم نہیں رہ سکتا۔ عمران خان نے گو نواز گو کے نعرے لگواتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا نواز شریف کے لئے پیغام “گو نواز گو” ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مافیا کے سردار اور کرپشن کے گاڈ فادر کے جانے تک کرپشن ختم نہیں ہو گی۔ کارکنوں کے “ڈیزل، ڈیزل” کے نعروں پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بات نواز شریف کی ہو رہی ہے اور آوازیں ڈیزل، ڈیزل کی آ رہی ہیں۔ عمران خان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شہباز شریف نے مختلف لوگوں کو رشوت دی۔
خبرنامہ
پاکستانیو! نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرو، عمران خان کا کراچی ریلی سے خطاب
