خبرنامہ

پاکستانی اور کنیڈین پاسپورٹس سندھ ہائیکورٹ میں جمع، ڈاکٹر عاصم رہا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے رہنماء ڈاکٹر عاصم حسین ضمانت پر رہا ہو گئے۔ عدالتوں کے چکر پر چکر کاٹنے والے سابق وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر انیس ماہ بعد رہائی ملی ہے۔ ڈاکٹر عاصم کے وکلاء کی درخواست پر انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ان کے پاکستانی اور کنیڈین پاسپورٹس سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرائے جس کے بعد عدالت عالیہ نے ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا پروانہ جاری کر دیا۔ وکلاء کی ٹیم ریلیز آرڈر لے کر جناح ہسپتال پہنچی اور ڈاکٹر عاصم سرکاری ہسپتال سے ذاتی ہسپتال جا پہنچے۔ دہشتگردوں کے سہولت کار اور چار سو اناسی ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ڈاکٹر عاصم کو سندھ ہائیکورٹ نے یکم نومبر دو ہزار سولہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا لیکن کنیڈین پاسپورٹ جمع نہ کرانے پر ڈاکٹر صاحب کی رہائی نہ ہو سکی تھی۔ کرپشن کے دو مقدمات میں ڈاکٹر عاصم نے درخواست ضمانت دائر کی تو ججز میں اختلاف پیدا ہو گیا۔ بعد میں چند روز قبل، ریفری جج نے ڈاکٹر عاصم کو دونوں مقدمات میں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تاہم، ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کیلئے پھر عدالت سے رجوع کرنا پڑے گا۔