خبرنامہ

پاکستان اور امریکا طویل عرصہ سے ایک دوسرے کے اتحادی ہیں، انہیں اپنے مضبوط باہمی تعلقات کی از سر نو تعمیر کرنی چاہئے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو

واشنگٹن ۔ (ملت آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا طویل عرصہ سے ایک دوسرے کے اتحادی ہیں اور انہیں اپنے مضبوط باہمی تعلقات کی از سر نو تعمیر کرنی چاہئے، پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کو تیار ہے۔ امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے گزشتہ کئی عشروں پر محیط باہمی تعلقات دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند رہے ہیں اور پاکستان ان تعلقات کو درست کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈالرز یا امداد پر بات چیت کے لئے امریکا نہیں آئے بلکہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ٹھیک کرنے کے خواہاں ہیں جو ماضی میں خراب ہو چکے تھے۔ فاکس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تسلیم کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ٹھیک نہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب امریکا مشکل میں پھنس جاتاہے تو وہ ان علاقوں‘ افراد اور اداروں میں قربانی کے بکرے تلاش کرنے لگتا ہے جو اس کی توقعات پر پورا نہ اترے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے کیونکہ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہمارے اپنے مفاد میں ہے ۔