خبرنامہ

پاکستان راہ حق پارٹی کی رجسٹریشن منسوخی کی درخواست مسترد

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان راہ حق پارٹی (پی آر ایچ پی) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

درخواست گزار کے وکیل گل ظہورہ رضوی نے موقف اختیار کیا تھا کہ ‘پی آر ایچ پی’ کا مبینہ طور پر کالعدم تنظیم اہل سنت والجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) سے تعلق ہے۔

ای سی پی نے درخواست گزار کو وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔

درخواست گزار چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے دورکنی بینچ کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ مولوی معاویہ اعظم ولد مولانا اعظم طارق (کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے رہنما) نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے بعد پی آر ایچ پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آر ایچ پی کے کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ (ایس ایس پی) کے ساتھ تعلقات ہیں جو نام بدل بدل کر سامنے آجاتی ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 212 کے تحت پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔

خیبر پختونخوا سے ای سی پی کے رکن جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے پوچھا کیا پی آر ایچ پی دہشت گردی میں ملوث ہے؟

پٹیشنر کے وکیل نے بتایا کہ جو لوگ پی آر ایچ پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے تھے وہ ہی ایس ایس پی میں بھی تھے۔

پٹیشنر نے موقف اختیار کیا کہ معاویہ اعظم کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی آر ایچ پی کی رجسٹریشن کی منسوخی سے متعلق درخواست مسترد کردی اور درخواست گزار کو حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔

خیال ہے کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 212 پارٹی کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سے متعلق ہے، جس کے مطابق اگر وفاقی حکومت کو کسی بھی ذرائع سے تصدیق ہو جائے کہ انتخابی مہم میں حصہ لینے والی سیاسی جماعت بیرونی امداد لے رہی ہے یا وہ دہشت گردی میں ملوث ہے یا پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے تو حکومت سرکاری گیزٹ میں نوٹی فکیشن جاری کر سکتی ہے۔

قانون کے مطابق 15 دن کے بعد حکومت معاملہ سپریم کورٹ بھیج سکتی ہے، اگر عدالت عظمیٰ ای سی پی کے ڈکلریشن کو سیاسی جماعت کے خلاف سمجھتی ہے تو معاملہ ختم کرسکتی ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام پاکستان مسلم لیگ (ن) سے خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے ای سی پی کے دو رکنی بینچ سے کیس کی سماعت کے لیے فل بینچ بنانے کی درخواست کردی۔