خبرنامہ

پاکستان کا سب میرین کروز میزائل ’بابر‘ کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا سب میرین کروز میزائل

پاکستان کی عسکری طاقت میں ایک اور اضافہ، سب میرین کروز میزائل ’بابر‘ کا کامیاب تجربہ

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان کی عسکری طاقت میں اضافہ، آبدوز سے فائر کیے جانے والے کروز میزائل بابر کا ایک اور کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سب میرین لانچڈ کروز میزائل (ایس ایل سی ایم) ’بابر‘ کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور یہ 450 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل بابر کو زیر آب ڈائینیمک پلیٹ فارم سے فائر کیا گیا جس نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا اور میزائل پرواز کے ہر معیار پر پورا اترا۔ پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کروز میزائل بابر جدید گائیڈنس اور نیوی گیشن کی خصوصیات کا حامل ہے جو مختلف اقسام کا دھماکا خیز مواد لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس میں انڈر واٹر کنٹرولڈ پروپلژن سمیت اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل بابر نے پاکستان کو قابل بھروسہ سیکنڈ اسٹرایئک کی صلاحیت فراہم کی ہے جبکہ اس سے ملک کی مزاحمتی قوت کو تقویت ملی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس میزائل کی تیاری پاکستان کی جانب سے پڑوسی ملک کی اشتعال انگیز جوہری حکمت عملیوں کا رد عمل ہے جو اس نے جوہری آبدوز اور بحری جہازوں سے استعمال ہونے والے جوہری میزائلز کی تیاری کے ذریعے جاری رکھی ہوئی ہے اور اس سے بحر ہند کے خطے میں جوہری دوڑ میں اضافہ ہورہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، چیئرمین نیسکام، کمانڈر نیول اسٹریٹجک فورس کمانڈ اور اسٹریٹجک سائنٹیفک آرگنائزیشنز کے سینیئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا جائزہ لیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اہم سنگ میل عبور کرنے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور این ایس ایف سی کے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔