خبرنامہ

پاکستان کو غیرمستحکم کرنیوالی طاقتوں کو جلد شکست دینگے، ملیحہ لودھی

پاکستان کو غیرمستحکم کرنیوالی طاقتوں کو جلد شکست دینگے، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہےکہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت سرحد کے باہر سے کی جاتی ہے اور ان طاقتوں کو جلد شکست دیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آج سرحد کے باہر سے دہشت گردی کا خطرہ ہے، ان طاقتوں کو جلد شکست دیں گے جو پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 27 ہزار سے زائد شہری اور سکیورٹی فورسز کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پاکستان کو 120 بلین ڈالر سے زائد کا مالی نقصان ہوا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دنیا کا سب سے بڑا ٹارگٹڈ آپریشن پاکستان نے کیا اور اس کی کامیابیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ 2 سال کے دوران ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی سے کمی آئی۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹیرارزم انڈیکس کے اعداد وشمار اس بات کے گواہ ہیں کہ اس وقت پاکستان میں 2006 سے اب تک دہشت گردی اپنی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ داعش نے دہشت گردی کے مسئلے کو عالمی سطح پر پیچیدہ اور عالمی برداری کا مشترکہ مسئلہ بنادیا ہے جس سے نمٹنے کے لئے سب کو مل کر جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔