خبرنامہ

پاکستان کے 13ویں صدر کا انتخاب، پولنگ کا عمل شروع

اسلام آباد: ملک کے 13ویں صدر کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع کیا جاچکا ہے جس کی تیاریاں کل ہی مکمل کر لی گئیں تھی۔

صدارتی انتخاب میں سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

انتخاب میں ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری چیف الیکشن کمشنر جبکہ ملک کے پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پانچوں پریزائیڈنگ افسران کو رائے دہندگان کی فہرستیں فراہم کی گئیں، جبکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کر کے بیلٹ پیپرز بھی پہنچادیے گئے۔

خیال رہے کہ تمام ایوانوں میں اراکین کی کل تعداد 11 سو 74 ہے تاہم کچھ حلقوں میں انتخابات ملتوی ہونے یا حلف نہ لینے کی وجہ سے صرف 11 سو 21 ارکین حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

آئندہ 5 سال کے لیے صدرِ مملکت کے انتخاب کا عمل آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت عمل میں لایا جائے گا، جبکہ صدارتی امیدوار کی کم سے کم عمر 45 سال ہونا بھی ضروری ہے۔

بلوچستان کے 65 رکنی ایوان میں موجودہ ووٹوں کی تعداد 62 ہے، 124 رکنی خیبرپختونخوا اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے اہل ارکان کی تعداد 112 ہے۔

اسی طرح 168 رکنی سندھ اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے اہل ارکان کی تعداد 163 جبکہ 371 رکنی پنجاب اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے اہل ارکان کی تعداد 354 ہے۔

قومی اسمبلی اور سینٹ کے ساتھ ساتھ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے باہر رائے دہندگان کے لیے ہدایت نامہ بھی آویزاں کردیا گیا ہے جبکہ اراکینِ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اپنا ووٹ ڈالیں سکیں گے۔

صدارتی امیدواروں کی صورتحال

صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے ڈاکٹرعارف علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔

اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر تقسیم کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کو منانے کی کوششیں کیں، تاہم دونوں ہی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔

ادھر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے صدر کے الیکشن میں تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات میں یقین دہائی کرائی ہے کہ ان کی جماعت صدارتی انتخاب میں ڈاکٹرعارف علوی کی حمایت کرے گی۔

واضح رہے کہ ملک کے 12ویں صدر مملکت ممنون حسین کے عہدے کی میعاد رواں ماہ 9 ستمبر کو ختم ہورہی ہے تاہم نئے صدر کے لیے انتخاب 4 سمتبر کو منعقد کیے جارہے ہیں۔