پاک بحریہ کے جنگی یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں آپریشنل صلاحیتوں اور فلیٹ ریویو کا شاندار مظاہرہ
لاہور‘کراچی (ملت آن لائن) پاک بحریہ کے جنگی یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں آپریشنل صلاحیتوں اور فلیٹ ریویو کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان نیوی کے بحری جہاز پی این ایس نصر سے ان آپریشنل مشقوں کا معائنہ کیا۔ پی این ایس نصر آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مہان خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ مہمان خصوصی نے کھلے سمندر میں مختلف آپریشنل مشقوں کا معائنہ کیا۔ ان مشقوں میں افرادی قوت اور سازو سامان کی ایک جہاز سے دوسرے جہاز پر منتقلی، بحری جہازوں اور ائیر کرافٹس کے ذریعے راکٹ ڈیپتھ چارج فائرنگ اور بذریعہ ہیلی کاپٹرسرچ اینڈ سیزر مشقیں شامل تھیں۔ پاک بحریہ کے مختلف ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز نے وزیر اعظم کے سامنے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔ پاک بحریہ کے جنگی جہازوں کی جانب سے آپریشنل صلاحیتوں کا ایک شاندار مظاہرہ دیکھنے کے بعد وزیر اعظم جناح نیول بیس اورماڑہ پہنچے جہاں انہوں نے ریموٹ ڈیٹا سٹیشن میانوالی سمیت بیس پر قائم تنصیبات اور دفاعی سہولیات کا دورہ کیا۔ بعدازاں وزیر اعظم نے شمالی بحیرئہ عرب میں پاک بحریہ کی آبدوز سعد پر بورڈنگ کی اور سب میرین پر زیر آب سفر کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کو پاکستان نیوی سب میرین فورس کی تاریخ اور 1965ءاور 1971ءکی جنگوں میں اس کی کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے سب میرین ڈائیونگ اور سب میرین پروسیجرز بھی کیے جس کے بعد انہیں روایتی ڈالفن نشان پیش کیا گیا جو سب میرینرز کو عطا کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے سمندر میں اپنی مصروفیات کے دوران پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ایک مشکل ماحول میں ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے ان کے عزم و حوصلے اور لگن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا مجھے کامل یقین ہے پاک بحریہ گوادر پورٹ اور پاک۔ چین اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں سمیت ملک کی بحری سرحدوں کے ہر قسم کے خطرات سے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔ ترجمان نیوی کے مطابق شاہد خاقان عباسی آبدوز پر کھلے سمندر میں جانے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔ شاہد خاقان عباسی پاک بحریہ کی طرف سے ڈالفن نشان حاصل کرنے والے پہلے وزیراعظم ہیں۔
وزیراعظم