چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے،چین اور پاکستان ساتھ ساتھ کھڑے ہیں۔
نائب وزیراعظم چین وانگ یانگ نےکنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب میں چینی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا اچھا ہمسایہ اور اچھا بھائی رہے گا،پاکستان اور چین کی حسن عمل کی دوستی نسل در نسل چلتی رہے گی، پاکستان امن،ترقی،استحکام کےراستےپرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے 70سال کےدوران جدوجہد کرکے ملک کاتحفظ یقینی بنایا ،آج پورے پاکستان کے لیے جشن کا دن ہے، پاکستان کی یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پربہت خوشی ہے۔
چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے کہا کہ مشکلات پر قابو پانےوالے پاکستانی ترقی پر گامزن ہیں،پاکستان نے محنت کر کے خودمختاری اور دفاع کو مضبوط بنایا،چین اور پاکستان ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔
وانگ یانگ کا کہنا تھا کہ دوستی صرف اور صرف حسن عمل سے عمر بھر چلتی ہے،چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو اہمیت دیتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے، محنتی پاکستانی عوام نے کم وسائل کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے محنت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں زلزلہ زدگان کی مدداور اقوام متحدہ میں پاکستان کا تعاون نہیں بھول سکتے، پاکستان نے مختلف عالمی فورمز پر اہم کردار اداکیا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے اورمشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاک چین تعلقات آزمائشوں پرپورے اترے ہیں۔