خبرنامہ

پتوکی: نوازشریف کی صدارت چھن گئی لیکن ان کی محبت نہیں جاسکتی، شہبازشریف

پتوکی: نوازشریف کی صدارت چھن گئی لیکن ان کی محبت نہیں جاسکتی، شہبازشریف

پتوکی:(ملت آن لائن) پتوکی: مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا تو کراچی کو بھی لاہور بنا دیں گے۔ پتوکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف نے مجھے مسلم لیگ (ن) کا قائم مقام صدر تو بنا یا ہے، نواز شریف کی پارٹی صدارت تو چھن گئی لیکن دلوں سے ان کی محبت نہیں جا سکتی کیونکہ نواز شریف پورے پاکستان کی آن، بان اور شان ہیں اور وہ ہمیشہ پارٹی قائد رہیں گے۔ شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دن رات جھوٹ بول کر قوم کو گالیاں سکھانے میں محنت کی، خان صاحب نے کہا کہ تحریک انصاف میں 76 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے لیکن پتہ نہیں کہ وہ بجلی کہا ں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے دور میں ساڑھے 4 سال کے دور ان بجلی کے منصوبے لگا کر لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جبکہ پچھلے 3 سال سے پنجاب میں کھاد آدھی قیمت پر مل رہی ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کسانوں کو بلا سود قرض فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے قصور میں یونی ورسٹی بنانے اور دو رویہ سڑک رواں سال سال شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کے اسپتالوں میں وہ دوائیاں ملتی ہیں جو وزیراعظم کا بیٹا بھی کھاتا ہے اور یتیم کی بچی بھی کھاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے ساڑھے 4 سال تک کہا کہ میں میٹرو نہیں بناؤں گا اورسارا پیسہ تعلیم اور اسپتالوں پر لگاؤں گا لیکن انہوں نے نہ اسکول و کالج بنائے ،نا اسپتال بنائے اور نا ہی میٹرو بنا سکےبلکہ پشاور میں میٹرو کے نام پر پورے شہر کو کھود کر رکھ دیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصل سبحان والے معاملے کا نوٹس لے اور مجھ پر الزام ثابت ہو گیا تو میں سیاست چھوڑ دوں گا اور اگر الزامات ثابت نہ ہوئے تو خان صاحب سیاست چھوڑ کر ہجرے میں بیٹھ جائیں اور جھوٹ بولنا بند کر دیں۔ قائم مقام صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اگلا الیکشن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا الیکشن ہے، اگلے الیکشن میں پورے پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کا میٹرو مسلم لیگ (ن) بنائے گی اور ایک سال میں بنائے گی اور اگر کراچی کے عوام نے ووٹ دیا تو اسےبھی لاہور بنا دیں گے۔