سابق صدرپرویزمشرف الیکشن کی دوڑ سے باہرہوگئے۔ وکیل نے سپریم کورٹ میں جواب دیا کہ پرویزمشرف پاکستان نہیں آرہے جس کے بعد چیف جسٹس نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا۔
سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کیلئے عام انتخابات 2018 میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مشروط عدالتی حکم واپس لےلیا جس کے بعد مشرف انتخابی دوڑسے باہرہوگئے ہیں۔
گزشتہ روزسپریم کورٹ نے سنگین غداری کیس میں سابق صدرکو آج 14 جون کو عدالت میں دوپہر 2 بجے تک پیش ہونے کی آخری مہلت دی تھی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ سابق صدر واپس نہ آئے تو کاغذات ِنامزدگی کی پڑتال نہیں ہونے دیں گے۔
آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کے دوران مشرف کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ وہ وطن واپس نہیں آ رہے جس کے بعد عدالت نےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹھیک ہے جب کہیں گے کیس لگ جائے گا۔کاغذات پراسیس کرنے کا حکم واپس لے رہے ہیں،پرویز مشرف اب الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔