خبرنامہ

پشاور میں دو دھماکے ، سی ٹی ڈی کے تین اہلکار زخمی

پشاور (ملت لائن ) پشاور میں چمکنی کے علاقے میں سی ٹی ڈی کی گاڑی کے قریب دھماکے سے تین اہلکار زخمی ہوگئے ۔ خٹکو پل کے قریب سی ٹی ڈی کی گاڑی کے گزرتے ہی اچانک زوردار دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ گاڑی میں سوار سی ٹی ڈی کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تاہم ان کے زخموں کی نوعیت معمولی تھی ۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا ۔ پولیس کےمطابق دھماکہ خیز مواد سڑک پر نصب کیا گیا تھا ۔ دوسری جانب پشاور کے علاقے شمشتو میں سرکاری سکول کے باہر نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے بم سکول کی بیرونی دیوار کے ساتھ مرکزی دروازے کے قریب زمین میں نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ اسی دوران سکول کے قریب سے ہی زمین میں دبایا ہوا ایک اور بم بھی برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا ۔ پولیس نے نامعلوم تخریب کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے