پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
لاہور: (ملت آن لائن) لاہور اور اسلام آباد میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں بارش سے خنکی بڑھ گئی جبکہ مری، گلیات، شگر اور مالم جبہ میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لاہور میں صبح سویرے ہی بادلوں نے آسمان پر ڈیرے ڈال لیے، ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں کے ساتھ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی سے موسم کی دلکشی میں اضافہ ہوگیا۔ شہر میں دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ بارش سے بجلی کا نظام بھی متاثرا ہوا، لیسکو کے 133 فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ اسلام آباد میں بھی بادل کھل کر برسے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم مزید سر د بنادیا۔ ملتان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، قصور، پتوکی اور اوکاڑہ سمیت دیگر شہروں میں بارش نے موسم سرد کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں رم جھم نے خنکی بڑھا دی۔ دوسری طرف پہاڑوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھنا شروع کر دی ہے۔ مری، گلیات، ایبٹ آباد، شگر اور مالم جبہ میں برفباری نے ہر چیز کو ڈھک دیا۔ سوات اور مانسہرہ میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
زیارت، قلات، کوئٹہ اور دالبندین سمیت صوبے کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لیپٹ میں درجہ حرارت بددستور نقطہ انجماد سے گرگیا۔ زیارت میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 10، کوئٹہ اور قلات میں منفی 7 اور دالبندین میں منفی 4 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث سردی کی شدت برقرارہے۔ شدید سردی کی وجہ سے بعض علاقوں میں پانی جم گیا ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں نے پہاڑی علاقوں میں آج بھی برفباری جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
خبرنامہ
پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ