خبرنامہ

پیپلزپارٹی کا بھی اسحاق ڈار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پیپلزپارٹی کا بھی اسحاق ڈار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی ہے جس کےبعد ان سے استعفے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے اور تحریک انصاف کے بعد اب پیپلزپارٹی نے بھی استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں، (ن) لیگ والے ملک میں افراتفری اور سسٹم ڈی ریل کرناچاہتے ہیں لیکن ہم سسٹم کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ نوازشریف کالاکوٹ پہن کرسسٹم کوڈی ریل کرنےعدالت گئے، اس وقت نوازشریف 184،3 پر عمل کروانے گئے تھے،اب اگر184،3 پر عمل ہوگیا ہے توآپ روتے کیوں ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کوڑے، آمر اور جیلیں برداشت کی ہیں، آصف زرداری نے بینظیر کی شہادت کے وقت بھی ’پاکستان کھپے‘ کانعرہ لگایا اور بغیر کسی جرم کے 12 سال قید کاٹی۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو عزت سے مستعفی ہوجانا چاہیے، آج حکمران ہی عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے توعام آدمی کیا کرےگا، یہ لوگ ایک ہی وقت میں دونوں مزے لے رہے ہیں، آج یہ 60 وزرا کے ساتھ حکومت کے مزے لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کو ہٹانے کی کوشش کی بھرپورمخالفت کریں گے۔

اس موقع پر سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ملکی تجارتی اور معاشی خسارہ رکارڈ سطح پرپہنچ گیا ہے، یہ لوگ جان بوجھ کرمعیشت کوخراب کررہے ہیں، آج اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد ہوگئی، اب اور کیارہ گیا، سینیٹ کمیٹی میں اسحاق ڈار کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا، اسحاق ڈار کو ملکی مفادات کی خاطرعہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔