پیپلزپارٹی نے نواز شریف کی آمد پر ایئرپورٹ سیل کرنے کا مطالبہ کردیا، پشاور میں بلور خاندان سے تعزیت کے موقع پر اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف اور مریم کو جہاز سے اترتے ہی گرفتار کرلیا جائے۔
پی پی پی رہنماء اعتزاز احسن نے پشاور میں بلور خاندان سے ہارون بلور کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے نواز شریف کی آمد پر لاہور ایئر پورٹ سیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کہتے ہیں کہ نواز شریف اورمریم گرفتاری دینے آرہے ہیں، دونوں کو جہاز سے اترتے ہی گرفتار کیا جائے، سزا یافتہ شخص کا استقبال مناسب نہیں، شفاف احتساب کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔
پی پی رہنماء نے مزید کہا کہ نوازشریف کو احترام کے ساتھ گرفتار کیا جانا چاہئے، احتسابی عمل سُست کردینے کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف 10، مریم نواز 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔