خبرنامہ

پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ جمہوری قوتوں کو کمزور نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی معاملات کو سیاسی نعرو ں کے لئے استعمال کرنا مناسب نہیں، آئین اور قانون کے مطابق بات چیت سے معاملات حل ہونے چاہئیں۔
پیپلزپارٹی کا موجودہ حالات میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے اور پیپلز پارٹی ہر حال میں جمہوری اداروں اور نظام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت سے معاملات کے حل کے لئے آئینی تقاضے پورے کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ملک میں پھیلنے والی آگ احسن اقبال کی نالائقی کا نتیجہ ہے، میڈیا کی آواز کو خاموش کرکے سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی گئی، حکومت ایسی پابندیوں کا غیر جمہوری فیصلہ فوری واپس لے۔

جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ دھرنے سے احسن اقبال کی نااہلی عیاں ہوگئی، وزیر داخلہ معاملے کو حل کرنے کے بجائے کھوکھلے دعوے کرتے رہے، احسن اقبال نے فیض آباد دھرنے کو ابتداء سے ہی مس ہینڈل کیا، ضروری ہے کہ احسن اقبال فوری طور پر وزارت داخلہ کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔