خبرنامہ

پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کے نام پر اعتراض کردیا

وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے صدر ن لیگ شہباز شریف کے نام پر پیپلز پارٹی نے اعتراض کردیا۔

مسلم لیگ ن نے وزارت عظمیٰ کا امیدوار تبدیل کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن کے فیصلے بلاول نے کرنے ہیں تو پیپلز پارٹی بھی اپنے فیصلوں کا اختیار شہباز شریف کو سونپ دے۔

شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے ووٹ دینے کے معاملے پر پیپلز پارٹی تقسیم کا شکار ہوگئی ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ نےنجی ٹی وی چینل کےپروگرام میں انکشاف کیا ہے کہ شہباز شریف کو ووٹ دینے کے معاملے پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور اس معاملے پر پارٹی کے اندر مختلف رائے پائی جاتی ہیں۔

وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔

وزیراعظم کے لیے عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں تجویز کنندہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جب کہ تائید کنندہ فخر امام ہیں۔
قومی اسمبلی کے 17 اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 18 اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔