پی ٹی اے نے ملک میں سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا حکم دے دیا
اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں مذہبی جماعت پر پولیس اور ایف سی کے آپریشن کے فوری بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر پابندی لگادی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر پابندی کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تو وہیں سوشل میڈیا تک رسائی نہ ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کرتی رہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 24 گھنٹے سے زائد کی پابندی کے بعد ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس کی بحالی کا حکم دے دیا۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس بحال کی جارہی ہیں جن میں فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام ، یوٹیوب اور دیگر سائٹس شامل ہیں۔
حکومت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو نیوز چینلز کی نشریات بحال کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
اطلاعات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پیمرا کو تمام نیوز چینلز کی نشریات بحال کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جس کے بعد امکان ہے کہ کچھ دیر میں ملک بھر میں نشریات بحال کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے فیض آباد دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد نیوز چینلز کی براہ راست کوریج پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ بعد میں نشریات ہی بند کردی گئی تھیں۔
ملک بھر کےعوام نیوز چیلنجز تک رسائی نہ ہونے کے باعث ہیجان کا شکار ہیں جب کہ سوشل میڈیا تک رسائی نہ ہونے کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے نیوز چینلز کی بندش کی شدید مذمت کی ہے۔
پی بی اے کے مطابق وہ ایک ضابطہ اخلاق کی دستخط کنندہ ہے جس کی منظوری سپریم کورٹ نے دی تھی اور اس نے ہمیشہ اس کی پابندی بھی کی۔