اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع اپنے چیمبر میں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ اہم ملکی معاملات پر اپوزیشن نے پوائنٹ سکورنگ کی انتہاء کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کہتی ہے کہ چورانوے مدارس کو کالعدم قرار دیا جائے، یہ نہیں بتایا جاتا کہ وزارت داخلہ مدارس کو کسطرح کالعدم قرار دے، یہ انہونی سی بات ہے کیونکہ مدارس کے خلاف ایکشن صوبوں کی ذمہ داری ہے، وفاق تو اس وقت تک صوبوں میں فوج بھی نہیں بھیج سکتا جب تک صوبے خود نہ مانگیں۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی دھماکے ہوتے ہیں تو وفاق پر ذمہ داری ڈال دی جاتی ہے، کسی بھی شہری کا اغواء تشویشناک ہے اور اسے بازیاب کرانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ نادان لوگ انتشار پھیلانا اور سول ملٹری تعلقات میں نفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ انھیں آگے آنے کا موقع ملے، جب پیپلز پارٹی کرپشن کے خلاف بات کرتی ہے تو حیرانی ہوتی۔