پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پررات گئے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالہیٰ کی پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادل خیال کیا گیا۔
موصول اطلاعات کے مطابق پی ٹی ٓائی کے وفود نے فواد چوہدری کی قیادت میں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں تحریک انصاف کی پنجاب میں سیاسی حکمت عملی اور مسلم لیگ(ق) کے ساتھ چلنے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران فواد چوہدری نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ق کی چھ نشستیں اہمیت اختیار کرگئی ہیں۔ اس سے قبل ق لیگ کے رہنما پرویز الہیٰ نے دیگرآزاد امیدواروں کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دیا تھا۔ پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہم تحریکِ انصاف کے اتحادی ہیں اور اس اتحاد کو اب مزید مضبوط کیا جائے گا۔ مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری خبروں کے مطابق مسلم لیگ ق نے حکومت سازی کیلئے پی ٹی ٓائی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ق کے اجلاس میں کیا گیا، جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے رابطہ پر جواب نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ق لیگ کی قیادت سے رابطہ کیا تھا اور پنجاب میں مرضی کا عہدہ دینے کی بھی پیش کش کی تھی۔