چوہدری نثار کو (ن)لیگ سے نکالنے پر غور
لاہور(ملت آن لائن) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکا نواز شریف کی عدل تحریک میں شامل ہونے سے انکار ،جواب میں پارٹی قائدین کا ان کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ ۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار جنہوں نےحال ہی میں نوازشریف کی تحریک عدل کی مخا لفت میں بیان دیئے تھے،انہیں نواز شریف نے مسترد کر دیا اور چوہدری نثار کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ وزیرداخلہ احسن اقبال نے چوہدری نثار پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ وزارت داخلہ کے معاملات میں بھی مداخلت کر رہے ہیں لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ذرائع کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کا ایک بڑا گروپ چوہدری نثار کا مخالف ہو چکا ہے جس کی وجہ سے چوہدری نثار کو پارٹی سے نکالنے کے لئے شو کاز نوٹس جاری کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے وزارت داخلہ چھوڑنے اور اس سے پہلے بھی پارٹی قیادت سے اختلافات چلے آرہے ہیں ،شاہد خاقان کی حکومت میں وزارت داخلہ کا چارج احسن اقبال کو سونپ دیا گیا تھا۔
……………………..
…اس خبر کو بھی پڑھیے….
تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں، نواز شریف
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کےلئے ہے۔ جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، حنیف عباسی، طلال چوہدری، دانیال عزیزاور پرویز رشید نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں آئندہ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ہی 31 دسمبر کو کوٹ مومن میں جلسے اورنواز شریف کی تقریر کے نکات بھی تیار کئے گئے۔
مشاورتی اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ اب گھر پر نہیں بیٹھوں گا، آئین کی حکمرانی اور ووٹ کے تقدس کا پیغام ایک ایک فرد تک پہنچاؤں گا۔ تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کےلئے ہے۔ جس کے بعد پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسے جلوس کےلئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورپارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ نواز شریف نے گزشتہ روز لاہور میں پارٹی کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔