چیئرمین سینیٹ پر بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں: اعتزاز احسن
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہےکہ چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف نہیں۔ لاہور میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ امید ہے سینیٹ چیرمین پیپلز پارٹی کا اور متفقہ ہوگا، چیئرمین کے حوالے سے بلاول بھٹو اور آصف زرداری میں کوئی اختلاف رائے نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین سینییٹ کے لیے سلیم مانڈی واال کا نام بطور امیدوار سرفہرست ہے، انہیں ووٹ مانگنے کا اختیار بھی دیا ہے۔ اعتزاز احسن نے شریف برادران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ماحول بنارہے ہیں اگر سزا ہوجائے تو حملہ کردیں کیونکہ ایون فیلڈ کے کیس میں ان کو سزا ہونی ہی ہونی ہے، شریف فیملی نے کوئی منی ٹریل نہیں دی، صفائی میں ان کاموقف کوئی نہیں ہے۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ لوگ برملا توہین عدالت کررہے ہیں اور سپریم کورٹ تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے، وہ یہ کوشش کررہے ہیں جیل کا دروازہ نہیں دیوار توڑ کر نکالا جائے۔