چیف جسٹس کی چوہدری سرور کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت
لاہور:(ملت آن لائن) دہری شہریت سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے دہری شہریت سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر چوہدری سرور پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے روبرو دہری شہریت کے معاملے پر آج پیش ہوا اور معزز عدالت کو بتانا چاہتا ہوں کہ مئی 2013 میں دہری شہریت ختم کردی تھی اور اب ہمیشہ کے لیے پاکستانی شہری ہوں۔ چوہدری سرور نے کہا کہ عدالت میں بیان حلفی جمع کراؤں گا جس پر چیف جسٹس نے انہیں ہدایت دی کہ آپ اپنا بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباسی نے کہا کہ ہمارے حقوق سلب کیے جارہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے حقوق کے تحفظ کے لیے بیٹھے ہیں اسی لیے از خود نوٹس لیا۔ عدالت نے خالد خان اور بلال منٹو کو دہری شہریت ازخود نوٹس کیس میں عدالتی معاون مقرر کردیا۔