نیویارک:(ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے چین کےصدر شی جن پنگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی بنانے کا نظریہ عالمی امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔ چینی نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ چینی صدر کا نظریہ صرف چند نہیں بلکہ تمام اقوام کی خوشحالی اورترقی کا سبب بنےگا۔ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ کا نام اور نظریہ حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی نے اپنے آئین میں شامل کیا تھا۔ ملیحہ لودھی نے انٹرویو کے دوران کہا، ‘ایک دوسرے سے جڑی دنیامیں کوئی بھی ملک یا ملکوں کا گروہ سیکیورٹی کے مسائل، دہشت گردی اور سائبر کرائم جیسےخطرات کو دور نہیں کرسکتا’۔ انہوں نے پاک- چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پراجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 3 براعظموں اور 60 ممالک پر پھیلا چین کا ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ساڑھے 4 ارب افراد کے لیے ہے اور اقتصادی راہداری سےچین، جنوب اور وسط ایشیا کے 3 ارب افراد کو بھی فائدہ ہوگا۔ ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ علاقائی رابطے، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے سے اربوں افراد کی زندگی بہتر ہوگی۔ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کو پاکستان کے لیے ‘گیم چینجر’ قرار دیا جارہا ہے، 50 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے اس میگا پراجیکٹ کے تحت سڑکوں، ریلویز اور توانائی کے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔
خبرنامہ
چینی نظریہ عالمی امن کیلئے انتہائی اہم؛ ملیحہ لودھی