خبرنامہ

چین نےکسی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی: دفترخارجہ

چین نےکسی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی: دفترخارجہ
اسلام آباد: (ملت آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارت کے سر پر چودھراہٹ کا بھوت سوار ہے، اس کے عزائم خطے کے لئے خطرہ ہیں۔ کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کی ملاقات کیلئے ویزا جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ بھارت کے حالیہ میزائل تجربہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کی تیاری اور خریداری خطے میں اسلحے کی خطرناک دوڑ کا سبب بنی ہے، خطے کا طاقتور چودھری بننے کی بھارتی خواہش سے علاقائی امن و سلامتی پر خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں، ہماری افواج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی حکومت نے جاسوس کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کی ملاقات کیلئے پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے، نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کو ویزے کے اجراء کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ملاقات کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ چین نے اقتصادی راہداری کے کسی پروجیکٹ کی فنڈنگ روکی اور نہ ہی ایسی کوئی بات ان کےعلم میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کا اجراء مخصوص طریقہ کار کے ذریعے ہوتا ہے۔ امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹیلرسن کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ریکس ٹیلرسن کے بیان اور خیالات سے اتفاق نہیں کرتے، پاکستان نے تمام دہشتگرہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کیں، ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا اور دہشت گردوں کے خلاف آپرشنز میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی آپریشن ملک کے وسیع تر مفاد میں کئے گئے اور پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے لئے پرعزم ہے۔