خبرنامہ

چیک پوسٹ اور تربیتی مرکز پر حملے کو ناکام، 8دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی /خیبرایجنسی /شبقدر (ملت + آئی این پی) سیکورٹی فورسز نے افغانستان سے دہشت گردوں کے لنڈی کوتل میں سیکیورٹی چیک پوسٹ اور شبقدر میں ایف سی کے تربیتی مرکز پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا ،پاک فوج کی منہ توڑ جواب کارروائی میں 8دہشتگرد مارے گئے ،فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 6زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے لوئی شلمان میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بھرپور منہ توڑ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شبقدر کے علاقے کورونہ میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تربیتی مرکز پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا جب کہ مقابلے میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ یادرہے کہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے تہکال میں بھی دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں ایک اہلکار شہید ہو اور 2 زخمی ہو گئے جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔