ڈاکٹر طاہرالقادری برطانیہ اورکینیڈا کے دورے پر روانہ
لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری برطانیہ اور کینیڈا کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے اور وہاں سے غیرملکی ایئرلائن کے ذریعے براستہ استنبول، لندن چلے گئے۔ طاہر القادری لندن اور کینیڈا میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنا طبی معائنہ بھی کرائیں گے۔ بیرون ملک قیام کے دوران وہ مختلف شہروں میں لیکچر بھی دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی 20 فروری کو متوقع ہے۔
………………………..
اس خبر کو بھی پڑھیے…توہین عدالت کیس : سپریم کورٹ نےنہال ہاشمی کوایک ماہ قید کی سزا سنادی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی، جس کے بعد وہ 5 سال کے لیے نااہل ہوگئے۔ عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے سینیٹر نہال ہاشمی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق انہیں اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے گزشتہ برس کراچی میں ایک عدلیہ مخالف تقریر کی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا ازخود نوٹس لیا تھا۔
توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی پر اعتراض اٹھادیا
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد اور جسٹس باقر مقبول پر مشتمل سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آج سینیٹر نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی اور نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ توہین عدالت کیس کا فیصلہ 2-1 کے تناسب سے آیا، کیس کا فیصلہ جسٹس آصف کھوسہ نے پڑھ کر سنایا جبکہ جسٹس دوست محمد فیصلے میں خاموش رہے۔ واضح رہے کہ 24 جنوری کو مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران نہال ہاشمی نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی تھی، لیکن عدالت نے ان کی معافی پر اعتراض اٹھادیا تھا۔
نہال ہاشمی کی عدلیہ مخالف تقریر
واضح رہے کہ نہال ہاشمی کی گذشتہ برس 28 مئی کو کراچی میں کی گئی ایک تقریر کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی، جس میں انھوں نے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی ارکان کے خلاف دھمکی آمیز لہجہ اختیار کیا تھا۔ مذکورہ ویڈیو میں نہال ہاشمی کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ‘حساب لینے والے آج حاضر سروس ہیں، کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنا دیں گے’۔ انھوں نے مزید کہا تھا، ‘اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والوں! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے۔’ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اسے نہال ہاشمی کی ذاتی رائے قرار دیا گیا تھا اور پارٹی صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے نہال ہاشمی سے سینیٹر شپ سے مستعفی ہونے کو کہا تھا جبکہ ان کی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی تھی۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔