ڈیڑھ ارب کی کرپشن بچانے کیلئے3 حکومتوں نے گٹھ جوڑکیا، عمران
اسلام آباد (ملت آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس ڈیڑھ ارب کک بیک اور کرپشن کا معاملہ ہے‘ اس ڈیڑھ ارب کی کرپشن بچانے کیلئے تین حکومتوں نے شرمناک گٹھ جوڑ کئے رکھا‘پوری قوم آئین میں ختم نبوت کی شق میں تبدیلی کی وجہ پوچھ رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان 18 سال سے زائد عرصے سے اقتدار میں ہے۔ حکومتوں کی کرپٹ مافیا سے ملی بھگت نے ملک کو شدید ترین مالی بحران سے دوچار کیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ کرپٹ افراد اور حکومت کی ملی بھگت نے عوام کو مالی بحران کا شکار کردیا۔ دریں اثناء گولڑہ شریف میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم آئین میں ختم نبوت کی شق میں تبدیلی کی وجہ پوچھ رہی ہے ، جب تک جواب نہیں ملتا حکومت کی مشکل بڑھتی رہے گی۔