خبرنامہ

کاسا 1000 منصوبہ توانائی معاون ثابت ہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی)وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کرغزستانی حکومت کی ترقی پسند پالیسیوں کو سراہتا ہے، کاسا1000 منصوبہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوگا۔ کرغزستانی وزیر معیشت کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے وزیر اعظم نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کرغزستانی وفد کو بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں پاکستان کی معاشی شرح 4.84 فیصد سے زائد رہی جس کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے بے انتہا مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کا ہدف مالیاتی استحکام، مقامی وسائل کی حرکت، سبسڈیز کا بتدریج خاتمہ، توانائی سمیت دیگر ریاستی اداروں کی تنظیم نو ہے، جبکہ علاقائی رابطوں کا فروغ ہماری ترقی کی حکمت عملی کے سات ستونوں میں سے ایک ہے اور پاکستان اس حکمت عملی پر مستعدی کے ساتھ گامزن ہے۔ علاقائی رابطوں کی اس حکمت عملی کے ذریعہ ترقی کے تین انجنوں جنوبی ایشیا، چین سمیت وسط ایشیا کو یکجا کیا جاسکتاہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان وسط ایشیا علاقائی ومعاشی تعاون کا حصہ ہیں۔ دونوں ممالک علاقے میں توانائی، ٹرانسپورٹ، تجارت سمیت غربت کے خاتمے چار ترجیحی شعبوں میں اپنے اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے مواقع موجود ہیں ۔ (ن غ)