خبرنامہ

کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے والا سلسلہ بند ہو نا چاہیئے، وزیر اعظم

کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے والا سلسلہ بند ہو نا چاہیئے، وزیر اعظم

مظفرآباد : (ملت آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی تاحیات نا اہلیت کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے والا سلسلہ بند ہو نا چاہے، عدلیہ کے فیصلوں سے اتفاق ہو یا نہیں، تعمیل کرتے ہیں، موجودہ حکومت کی پانچ سالہ ترقی گزشتہ ستر سال سے بھاری ہے۔

وزیراعظم نےآرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، جو لوگ کام کرتے ہیں انھیں عدالتوں سے ہمیشہ کے لیے سیاست سے نکال دیا جاتا ہے، عدالت کی طرف سے آج پھر ایک ایسا فیصلہ آیا ہے، جولائی کے الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے، جو فیصلہ عوام کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیلم- جہلم منصوبے پر تین گنا اضافی اخراجات آئے ہیں جو سابقہ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔ 2013 میں نیلم جہلم منصوبے پر 10 فیصد کام مکل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو منصوبہ بند کرنے کا کہا گیا لیکن انہوں نے اسے چیلنج سمجھ کر مکمل کرنے کا ارادہ کیا۔

وزیر اعظم خاقان عباسی نے کہا کہ نیلم-جہلم کی تکمیل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ذاتی دلچسپی سے ممکن ہوئی، یہ منصوبہ پاک- چین دوستی کا شاہکار ہے اور اس سے ملک میں لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم خاقان عباسی نے نیلم-جہلم منصوبے کے دوران شہید ہونے والے 21 افراد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور انہیں ہیرو قرار دیا۔ وزیر اعظم خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی پیدا کی گی جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ستر سالہ ترقی کے مقابلے میں گزشتہ پانچ سال کی ترقی بھاری ہے۔ وزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ لائن آف کنڑول پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم خاقان عباسی نے کہا بھارت مسلئہ کشمیر پر عالمی دباو سے توجہ ہٹانے کے لئے ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔