خبرنامہ

کراچی:لانڈھی کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

کراچی : (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ، کولنگ کا عمل جاری ہے ، کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکسترہوگیا ، امدادی کارروائیوں میں فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ کراچی میں بڑی آگ بجھانا فائر بریگیڈ کیلئے مشکل ہی نہیں ناممکن ہوگیا ، تیسرے درجے کی قرار دی گئی کوئی بھی آگ فائر بریگیڈ عملے کیلے درد سر بن جاتی ہے،دو ہزار آٹھ میں سائٹ کی فیکٹری میں لگی آگ مکمل تباہی کے بعد ہی بجھی،دسمبر دو ہزار نو میں یوم عاشور پر بولٹن مارکیٹ میں لگی آگ پر فائر بریگیڈ قابو نہ پاسکا ، ستمبر دو ہزار بارہ بلدیہ فیکٹری میں دو سو انسٹھ افراد زندہ جل گئے، فائر بریگیڈ آگ نہ بجھا سکی۔ فائر بریگیڈ وسائل کی کمی کا شکار ضرور ہے، پٹرول اور کیمیکل میں لگی آگ بجھانے کیلئے فوم کا ہونا ضروری ہے جو بیشتر اوقات موجود ہی نہیں ہوتا،الیکٹریکل شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کو ڈرائی پاؤڈر سے بجھایا جاتا ہے لیکن اس کا استعمال کم ہی دیکھا گیا ہے ، ای ڈی او میونسپل سروسز مسعود عالم کہتے ہیں آگ بجھانے میں ناکامی کی وجہ مہارت کی کمی نہیں۔ حکام کچھ بھی کہیں، تیسرے درجے کی قرار دی گئی آگ بجھانا فائر بریگیڈ کے بس کی بات نہیں رہی اور اسکے بجھنے کا دارو مدار جائے حادثہ پر موجود سامان پر ہے کہ وہ کتنی دیر میں خود ہی جل کر تمام ہو جائے۔